مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر عالمی ترقیاتی اقدام کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر ترقی پذیر ممالک بدستور غربت و بھوک، بڑھتی ہوئی نابرابری، قرضوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ، مالی وسائل اور ٹیکنالوجی کی کمی اور ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں۔
عراقچی کے مطابق جنگوں، تحفظ پسندانہ پالیسیوں، یکطرفہ پابندیوں، جارحیت اور طاقت کے استعمال نے ان مشکلات میں مزید اضافہ کیا ہے، جس سے ترقی کے امکانات متاثر اور گزشتہ برسوں میں حاصل ہونے والی ترقی کے ثمرات بھی ضائع ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنگ، دباؤ اور یکطرفہ اقدامات کے ماحول میں ترقی ممکن نہیں، جبکہ ترقی پذیر ممالک کو مزید رکاوٹوں کے بجائے مالی وسائل، ٹیکنالوجی، علم اور تعاون کی ضرورت ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے ترقی پذیر ممالک پر سیاسی دباؤ کے لیے یکطرفہ پابندیوں کے مسلسل استعمال پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ایران کئی دہائیوں سے ایسی پابندیوں کا سامنا کر رہا ہے جو حالیہ برسوں اور مہینوں میں مزید سخت ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے تجارت، مالی وسائل، ادویات، ٹیکنالوجی، تعلیم اور سائنسی تعاون کو محدود کرنے والی پابندیاں براہ راست ایرانی عوام کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرتی ہیں۔ عراقچی نے ان اقدامات کے عام شہریوں پر تباہ کن اثرات کو اقتصادی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسی پابندیوں کے خلاف کھڑا ہو اور انہیں مکمل اور غیر مشروط طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کرے۔
عراقچی نے ایران کے خلاف امریکی اسرائیلی حملوں کی بھی مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کی واضح خلاف ورزی قرار دیا۔ ان کے مطابق ان حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں افراد شہید ہوئے اور شہری و اہم بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں شدید اقتصادی، سماجی اور ماحولیاتی نقصانات ہوئے۔
انہوں نے حملوں میں نشانہ بننے والی بعض جگہوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی شہر میناب کا ایک پرائمری اسکول، جہاں 168 طلباء شہید ہوئے، پاسچر انسٹی ٹیوٹ ایران اور صوبہ فارس کے لامرد میں ایک کھیلوں کا مرکز بھی متاثر ہوا۔
عراقچی نے کہا کہ تعلیم، صحت اور امید کی نمائندگی کرنے والے ان مقامات کو خون، موت اور تباہی کے مناظر میں تبدیل کردیا گیا۔
آپ کا تبصرہ